Monday, September 28, 2020

اے پی سی تقریر کے بعد نامعلوم افراد کی سابق وزیراعظم نواز شریف کو دھمکیاں

 

صحافی مرتضیٰ علی شاہ کا کہنا ہے کہ جس بلڈنگ سے نواز شریف نے اے پی سی میں خطاب کیا وہاں 2 نامعلوم افراد نے موجود اسٹاف کو دھمکیاں دیں اور ہراساں کیا۔

لندن میں جیو نیوز کے نمائندےنے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا نواز شریف  نے جس عمارت سے تقریر کی وہاں ان کے باہر نکلنے سے پہلے 2 نامعلوم ٹیکسی ڈرائیورز نے عمارت کے باہر موجود ایک اسٹاف ممبر کو دھمکیاں دیں اور نواز شریف کے خلاف باتیں کی۔

مرتضیٰ علی شاہ نے مزید کہا کہ ایک شخص نے تو یہاں تک کہا کہ ہمارے پاس اسلحہ بھی موجود ہے اور وہ نواز شریف پر حملہ کرسکتے ہیں، واقعے پر فوری طور سیکیورٹی پر معمور افراد نے موقع پر پہنچ کر ان دونوں افراد اور ان کی گاڑیوں کی تصاویر اور ویڈیو بنانا شروع کیں تو وہ دونوں وہاں سے فرار ہوگئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی خبریں جب ان دونوں افراد کی تصاویر کے ساتھ شیئر ہونا شروع ہوئیں تو مقامی پولیس اسکاٹ لینڈ یارڈ نے واقعے پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، اور پولیس یہ جاننے کی کوشش کررہی ہے کہ یہ لوگ کون تھے اور ان کے مقاصد کیا تھے۔

مرتضیٰ علی شاہ نے کہا کہ اس علاقے میں پہلے بھی سیاسی پرتشدد واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں جس کے بعد پولیس نے اس علاقے میں غیر معمولی سیکیورٹی نافذ کردی تھی۔

مرتضیٰ علی شاہ نے کہا کہ اس سے قبل ایک اور پیش رفت میں نواز شریف کے اریسٹ وارنٹ حسن نواز کی جانب سے  ایون فیلڈ میں وصول کرنے کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہیں، جس سے متعلق حسن نواز نے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کسی قسم کے وارنٹس وصول نہیں کیے۔


No comments:

Post a Comment